حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی/ البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے زوم کے ذریعے ایک بزرگ عالم دین مولانا سید احتشام عباس زیدی کی صدارت میں انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے حسب دستور قدیم البقیع آرگنائزیشن کے روح رواں حجۃ الاسلام و المسلمین محبوب مہدی عابدی نجفی نے اس کانفرنس کی کامیابی کا ذکر کیا اور فرمایا کہ ہم ایک بار پھر تجدید عہد کریں کہ جب تک جنت البقیع میں روضہ تعمیر نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ مولانا موصوف نے اپنی عالمانہ تقریر جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ بقیع کی منہدم قبریں مدفونین بقیع کی مظلومیت کا اعلان کر رہی ہیں ۔
مہاراشٹرا کے شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے کہا کہ کچھ نادان یہ سوال کرتے ہیں کہ بقیع کی تعمیر کے لیے جو تحریک جاری ہے کیا اس میں کامیابی کے امکانات ہیں؟! اس کا جواب بالکل واضح ہے کہ ہمیں اپنے وظیفے اور ذمےداری کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا ہے نتیجہ اور رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے ۔
شہر نگرم سے ایک فعال اور انقلابی عالم دین مولانا سید عباس باقری نے اپنی اہم تقریر میں فرمایا کہ جو لوگ جنت البقیع کی تحریک سے وابستہ ہیں وہ روز محشر جب معصومین علیہم السلام کی بارگاہ عصمت و طہارت میں پہنچیں گے تو یہ کہہ سکتے ہیں کہ دنیا میں ہم ان لوگوں کے ساتھ تھے جنہوں نے جنت البقیع کی تحریک میں حصہ لیا تھا ۔
ہندوستان کے ممتاز عالم دین و محقق مولانا سید احتشام عباس زیدی نے نہایت دلکش تقریر میں عالم اسلام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جنت البقیع کو بڑی طاقتیں نہیں بننے دیں گی جب کہ سچائی یہ ہے کہ جنہیں یہ لوگ بڑی طاقتیں سمجھ رہے ہیں ان کی کوئی "طاقت" ہی نہیں ہے، لا حول ولا قوۃ الا باللہ کا مفہوم یہ ہے کہ طاقت تو بس اللہ کی ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ انشاءاللہ بقیع میں بہت جلد خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا ۔
عروس البلاد ممبئی سے ایک معزز عالم دین مولانا سید شیر محمد جعفری نے اپنی بہترین اور جامع تقریر میں فرمایا کہ ہمارا مطالبہ حکومت سے بس اتنا ہے کہ وہ ہمیں جنت البقیع میں روضہ تعمیر کرنے کی اجازت دیدے ہمیں ان کے پیسوں کی بھی ضرورت نہیں ہے پوری دنیا میں محبان اھلبیت علیھم السلام اپنی پاکیزہ کمائی سے روضہ تعمیر کر لیں گے ۔
ایران کے مقدس شہر قم المقدسہ سے جید عالم دین مولانا سید عرفان مہدی زیدی نے اپنی دلکش تقریر میں فرمایا کہ بقیع کی سر زمین آج بھی آل سعود کے مظالم کو بیان کر رہی ہے ۔ بقیع کے ویران مزارات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ آج بھی حق و باطل کی جنگ جاری ہے ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ظلم کتنا ہی طاقتور کیوں نا ہو جائے حق کی طاقت کو نہیں دبا سکتا ۔
مولانا عرفان مہدی کو حال ہی میں مسجد اعظم حرم حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے بین الاقوامی امور کا ایک اہم عہدہ دیا گیا ہے اس لیے آپ نے کانفرنس کے آخر میں گنبد و ضریح معصومہ قم کی براہ راست زیارت کرائی اور تمام مومنین کی نیابت میں زیارت بھی پڑھی ۔
ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے اپنی شاندار اور موثر نظامت کے ذریعے کانفرنس کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مولانا محبوب مہدی عابدی نجفی کی دعا پر یہ کانفرنس ختم ہوئی۔











آپ کا تبصرہ